نئی دہلی، 12دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) فروغ انسانی وسائل کے وزیر پرکاش جاؤڑیکر نے آج کہا کہ حکومت ایک ماہر تعلیم کی قیادت میں ایک کمیٹی کا اعلان اگلے 10دنوں میں کرے گی جو مسودہ قومی تعلیمی پالیسی پیش کرے گی۔جاؤڑیکر نے کہا کہ وزارت ریاستوں، تعلیمی اداروں، ارکان پارلیمنٹ اور ماہرین سمیت تمام فریقوں کے ساتھ وسیع بحث پہلے ہی کر چکی ہے۔تعاون کے طور پر ٹی ایس آر سبرامنیم کمیٹی کی سفارشات پر بھی غور کیا جائے گا۔فروغ انسانی وسائل کے وزیر نے انٹرویو میں کہا کہ اگلے 10دنوں میں ایک ماہر تعلیم کی قیادت میں ایک کمیٹی قائم ہوگی،ہم کچھ ناموں پر بحث کر رہے ہیں لیکن ہمیں ان سے بھی پوچھیں گے کہ کیا وہ اس کے لئے تیار ہیں،کیونکہ انہیں تین سے چار ماہ تک کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ یقینی طور پرماہر تعلیم ہوں گے لیکن اس میں دیگر فیکلٹی کے لوگ بھی لئے جا سکتے ہیں۔جاؤڑیکر نے کہا کہ تمام فریق اوردانشوران سے تجاویز موصول ہوئی ہیں اور ان کا اندازہ کیا جا رہا ہے۔مرکزی وزیر نے زور دیاکہ ان باتوں اور ان کی مطابقت کو دیکھنے کے بعد وہ پالیسی ساز بیان پیش کریں گے۔